0

میرا میانوالی. میانوالی کے نثر نگار… منور علی ملک

پروفیسر منور علی ملک

میرا میانوالی

میانوالی کے نثر نگار

دل کو چھو لینے والی نثر لکھنا آسان کام نہیں ۔ یہ بھی ایک نایاب خداداد صلاحیت ہے ۔ نایاب اس لیے کہ شعرا کے مقابلے میں نثر نگاروں کی تعداد آٹے میں نمک کی طرح بہت کم ہے۔ فیس بک شاعروں اور نثر نگاروں کو متعارف کرانے کا بہت اچھا وسیلہ ہے۔ یہاں قارئین کے فوری رسپانس کی شکل میں اپنی تحریروں کی قدرو قیمت کا پتہ چلتا رہتا ہے۔ اچھا لکھنے والوں کو اپنی کاوشوں کا صلہ ملتا رہتا ہے۔

فیس بُک کے میدان میں ڈاکٹر حنیف نیازی اور قمر الحسن بھروں زادہ مقبول ترین نثر نگار ہیں ۔ دونوں کا اپنا اپنا منفرد انداز تحریر ہے۔ دونوں اپنے اپنے تجربات و مشاہدات پوسٹس کی صورت میں فیس بُک پر لکھتے رہتے ہیں۔ ڈاکٹر حنیف نیازی کی تحریریں مثبت تعمیری سوچ کی عکاسی کرتی ہیں۔ ان کی تقریروں کی طرح تحریریں بھی موٹیویشنل (motivational) ہوتی ہیں۔ لوگوں کو تعمیری سرگرمیوں کی طرف راغب کرتی ہیں۔ موسازکے عنوان سے ان کی تحریروں کا ایک مجموعہ پہلے شائع ہو چکا ہے ۔ دوسرا مجموعہ عنقریب منظر عام پر آنے والا ہے ۔

قمر الحسن بھروں زادہ کی تحریریں وادی ء سون کی سیاحت کی دل چسپ داستانیں ہوتی ہیں ۔ انھیں مختصر سفر نامے کہا جا سکتا ہے۔ انداز تحریر مشہور و معروف سفر نامہ نگار مستنصر حسین تارڑ کے انداز تحریر سے کم دلکش نہیں ۔ انھیں مسلسل کہتا رہتا ہوں کہ اپنی یہ تحریریں مرتب کر کے کتاب کی شکل میں شائع کرائیں۔ بہت دل چسپ کتاب بلکہ کتابیں بنیں گی ۔کہتے تو ہیں کوشش کر رہا ہوں۔ (جاری)

۔۔۔رہے نام اللہ کا ۔۔۔

۔۔۔منور علی ملک ۔۔۔

27/جولائی2025ء

(مصنف کی اجازت سے اُن کی فیس بک وال سے منقول۔ایڈمن تِریاق)

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں