0

میرا میانوالی، عاشورہ محرم اور ذاکرین… منور علی ملک

منور علی ملک

میرا میانوالی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تلہ گنگ کے سید نذر حسین شاہ بھی ریاض حسین شاہ آف موچھ اور خادم حسین شاہ آف مہر شاہ والی / چک 38 کے ہم پلہ ذاکر تھے، مگر عین جوانی میں ذہنی توازن سے محروم ہو کر گھر بیٹھ گئے ۔۔ کچھ لوگ کہتے تھے کسی دشمن نے ان پر جادو کر دیا تھا۔۔

ذہنی توازن سے محرومی کی وجہ سے تلہ گنگ کے لوگ انھیں نذر شاہ جھلا ( پاگل) کہتے تھے ۔

بچپن میں انہیں داؤدخیل میں ایک مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے سنا تھا۔ بہت سمارٹ ، حسین و جمیل ، خوش آواز اور خوش بیان نوجوان ذاکر تھے۔

انھیں دوسری بار کئی سال بعد تلہ گنگ کی ایک مجلس عزا میں دیکھا۔ تلہ گنگ میرے سسرال کا شہر ہے۔ ایک دفعہ محرم میں اپنے محلے کی ایک مجلس عزا میں شرکت کا موقع ملا ۔ مجلس جاری تھی کہ اچانک شاہ جی (سید نذر حسین شاہ) باہر سے آئے اور سیدھے جاکر سٹیج پر کھڑے ہو گئے۔

جو ذاکر خطاب کر رہا تھا وہ احتراما پیچھے ہٹ گیا۔ شاہ جی نے شہزادہ معصوم علی اصغر کی شہادت کے موضوع پر مختصر سا خطاب کیا۔ اگرچہ بہت بوڑھے ہو چکے تھے مگر آواز کا سوز اور انداز بیاں کا حسن اب بھی برقرار تھا۔ رو رو کر لوگوں کا برا حال ہو گیا۔

اس مختصر خطاب کے بعد شاہ جی خاموشی سے جس طرح آئے تھے اسی طرح اچانک واپس چلے گئے ۔

لوگ بتا رہے تھے کہ ویسے تو شاہ جی گھر سے باہر کم ہی نکلتے ہیں۔ کبھی کبھار لہر میں ہوں تو شہر کی کسی مجلس عزا سے مختصر سا خطاب کر کے حاضری لگوا لیتے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ رہے نام اللہ کا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۔۔۔۔۔۔ منور علی ملک ۔۔۔۔۔۔

5/جولائی 2025ء

مصنف کی اجازت سے اُن کی فیس بک وال سے منقول

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں