
ایبٹ آباد کے علاقے سے شکیل اعوان صاحب کالم شالم کے عنوان سے بہت خوبصورت تحریریں فیس بُک کی وساطت سے شیئر کرتے ہیں۔ شکیل اعوان عوامی سطح پر ایک بہت مقبول گلوکار کی حیثیت میں منظر عام پر متعارف ہوئے۔ قلم ہاتھ میں لیا تو دل کش تحریریں بھی ان کی پہچان بن گئیں۔ کالم شالم سماجی، سیاسی تجزیے پر مبنی فکر انگیز تحریروں کا ایک دل چسپ سلسلہ ہے۔ ان تحریروں کی زبان بھی شکیل اعوان کی اپنی ایجاد ہے۔ اردو میں پہاڑی/ہندکو کا تڑکہ اور طنزو مزاح کی ہلکی سی چاشنی ان تحریروں کی منفرد خوبی ہے۔
ترگ تحصیل عیسیٰ خیل کے معروف افسانہ نگار امداد حسین نیازی فیس بک پر اپنے علاقے کی نام ور علمی شخصیات کا تعارف بہت خوب لکھتے ہیں۔
ترگ ہی کے ظہور احمد بھی فیس بک پر خاصے متحرک رہتےہیں۔ وہ ایک عمدہ خطاط بھی ہیں۔ آج کل اپنی زبان کے گم شدہ الفاظ منظر عام پر لا رہے ہیں۔
ریڈیو پاکستان میانوالی کے سٹیشن ڈائریکٹر احمد آفتاب خان نیازی بھی بہت خوب صورت اور دل چسپ نثر لکھتے ہیں۔ ان سے فرمائش ہے کہ زیادہ لکھا کریں۔ ہفتے عشرے میں کم ازکم ایک تحریر فیس بک کی زینت بننی چاہیے۔
ابھی چھ سات اہم ناموں کا تذکرہ باقی ہے۔ ان شاءاللہ کچھ لوگوں کا ذکر کل ہوگا ۔ منگل کو حسب معمول انگریزی میں پوسٹ لکھوں گا اور بدھ کو یہ سلسلہ مزید آگے چلے گا۔
رہے نام اللہ کا ۔۔۔
منور علی ملک ۔۔۔
10/اگست2025ء
(مصنف کی اجازت سے اُن کی فیس بک وال سے منقول۔ ایڈمن تِریاق)